جمعرات 18؍ذیقعد 1444ھ8؍جون 2023ء

ایران میں بلیوں کا دلچسپ میوزیم قائم

 ایران کے دارالحکومت تہران میں کچھ رضاکاروں نے مل کر ذاتی کوشش سے بلیوں کا ایک دلچسپ میوزیم قائم کیا ہے۔

تہران میں قائم کیے گئے اس بلیوں کے میوزیم میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے داخلی دروازے پر لیٹی ایک بڑی ’ٹام کیٹ‘ مہمانوں کا پرتپاک انداز میں استقبال کرتی ہے۔

اس منفرد جگہ کے اندر تقریباً 30 ملنسار بلیاں موجود ہیں جوکہ میوزیم میں آزاد گھومتی نظر آتی ہیں۔

اس میوزیم میں ایران کے علاوہ جنوبی کوریا، یوکرین اور گنی کی بلیاں بھی موجود ہیں۔

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی یہ بلیاں جوکہ میوزیم میں آزاد گھومتی نظر آتی ہیں جلد ہی وہاں آنے والے مہمانوں سے مانوس ہوجاتی ہیں اور یہاں مہمان بلیوں سے کھیل بھی سکتے ہیں۔

اس میوزیم کی سب سے مشہور بلیوں میں شہرزاد، فرخ، شاپور اور شیرین شامل ہیں، فرخ نامی بلی پیدائشی طور پر نابینا ہونے کے باوجود بہت متحرک اور پھرتیلی ہے۔

بلیوں کے اس منفرد اور دلچسپ میوزیم میں جگہ جگہ دیواروں پر بلیوں کی تصاویر، خاکے اور یہاں تک کہ بلی کی شکل میں بننے والی اسٹیمپس بھی بنی ہوئی نظر آئیں گی ۔ 

میوزیم میں بلیوں کی نایاب تصاویر اور پینٹنگ بھی دیکھی جاسکتی ہیں، بالخصوص ایرانی منی ایچر آرٹ میں بلیوں کو واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔

 اگرچہ بڑی تعداد میں ایران کے امیر افراد کا رجحان کتّے پالنے کی طرف ہے جس پر مذہبی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی لیکن وہاں کے لوگ اب بھی بلیوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.