جمعرات 15؍رمضان المبارک 1444ھ 6؍اپریل 2023ء

ایان کو زخمی کرنے والے ملزمان کو عینی شاہد نے شناخت کرلیا

کراچی کے علاقے رضویہ میں پولیس کی فائرنگ سے 15 سالہ ایان کے زخمی ہونے کے مقدمے میں دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں تینوں ملزمان کو عینی شاہد نے شناخت کرلیا، عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں تفتیشی افسر نے ملزمان کے ہمراہ ڈمی ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے پیش کردیا، مجسٹریٹ کے روبرو واقعے کے عینی شاہد نے تینوں ملزمان کو شناخت کرلیا۔

کراچی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے 15 سالہ ایان کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

پولیس نے ہر ملزم کے ہمراہ دس ڈمی ملزمان پیش کیے، عینی شاہد نے ڈمی ملزمان میں سے ملزمان کو شناخت کیا، جس پر عدالت نے شناخت پریڈ کی کارروائی کو مقدمے کا حصہ بنا دیا۔

دوسری جانب واقعے کے عینی شاہد نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو 164 کا بیان قلمبند کرواتے ہوئے واقعے سے متعلق تمام تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا۔

مدعی کے وکیل نے زخمی ایان کے 164 کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی درخواست اور مؤقف اختیار کیا کہ زخمی ایان کی طبیعت ایسی نہیں کہ عدالت میں پیش ہوسکے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 164 کے بیان کیلئے عدالت کے روبرو پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔

مدعی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جہاں ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا گیا ہے، زخمی ایان کا بیان بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کی ہدایت کے ساتھ ملزمان کو 13 اپریل کو عدالت میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.