افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل نے اہلیہ کے پاکستان کے خلاف ہاتھ ہولا رکھنے کے بیان کی وجہ بتا دی۔
ایشیا کپ 2022ء میں دو میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد افغانستان کی ٹیم سپر فور میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی جس کے بعد عمر گل کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے خلاف ذرا ہاتھ ہولا رکھنا کوچ صاحب۔‘
عمر گل نے بتایا کہ ’اہلیہ نے مذاق میں سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہاتھ ہولا رکھنے کا کہا۔ ان کا پیغام سوشل میڈیا پر وہ خاصہ چل پڑا کیونکہ اس میں مجھے بھی ٹیگ کیا گیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ اب میں افغانستان ٹیم کا کوچ ہوں اور پروفیشنل ہوں، پاکستان ٹیم کے لیے میرے جذبات ہیں کیونکہ پاکستان ٹیم سے کھیلتا رہا ہوں لیکن جس طرح دوسری ٹیموں کے لیے پلان بناتے ہیں اسی طرح پاکستان کے خلاف پلان کریں گے۔
افغانستان ٹیم کے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم بھی اچھی ہے اور اس کا کوچنگ اسٹاف بھی اچھا ہے، افغانستان کو ٹاپ ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلنے کا فائدہ ہوگا، افغان کھلاڑی اس میچ سے سیکھیں گے۔‘
عمر گل نے کہا کہ ’کوچنگ کو خوب انجوائے کر رہا ہوں، میرا شروع سے کوچنگ کی طرف رجحان تھا میں جب کھیلتا تھا تو اس وقت بھی ساتھی کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے آگاہ کرتا تھا کیونکہ کرکٹ میرا شوق ہے۔‘
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ’میں اب کوچنگ کے ذریعے کرکٹ سے جڑا رہنا چاہتا ہوں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک ہونے کا بھی فائدہ ہوا، پی ایس ایل فرنچائز کی منیجمنٹ نے بھی بہت مدد کی۔‘
Comments are closed.