پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر آپ قوم کو دیوار کے ساتھ لگائیں گے تو سری لنکا سے برا حال ہو گا۔
لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب 25 مئی کو بچوں پر شیلنگ ہو رہی تھی تو کیا آپ کی ذمہ داری نہیں تھی شیلنگ روکتے، جب بچوں اور عورتوں پر شیلنگ ہو رہی تھی تو اسے روکنا آپ کی ذمہ داری نہیں تھی؟
عمران خان نے کہا کہ جب چیری بلاسم کو اوپر بٹھایا گیا تو بھارت اور اسرائیل میں خوشیاں منائی گئیں، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ امریکا پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، یہ چور ہمیشہ امریکا کی غلامی کرتے رہے، کبھی بھکاری کو کوئی اپنا وزیر اعظم مانتا ہے، ایک خوددار قوم کیسے اسے وزیر اعظم مان لے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم حکومت میں تھے تو ڈیزل کی قیمت 144 روپے لیٹر تھی، آج عالمی منڈی میں تیل سستا ہے تو کیوں لوگوں کا خون چوس رہے ہو؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ فضل الرحمان حج کر کے آئے ہو شاید اللّٰہ آپ کے دل میں ایمان ڈال دے، آپ اب ڈیزل کے پرمٹ پر اپنا ایمان نہیں بیچو گے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن حقیقی آزادی کا جہاد ہے، ہم نے ملک کو آزاد کرنا ہے، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے، لوٹے کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا، اپنے ضمیر کا سودا کرنا شرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کتنے سربراہ ہیں جن کے دنیا کے دوسرے ملکوں میں محلات ہیں؟ جو حکمران چوری کرتے ہیں وہ پیسا باہر لے کر جاتے ہیں، چار بڑے بڑے محلات کی مالکہ ریڈیو آکاش وانی ہے، ریڈیو آکاش وانی جب بھی بولتا تھا جھوٹ بولتا تھا، وہ کہتی تھی میری لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 26 سال سے میں 2 ڈاکو خاندانوں کے خلاف جہاد کر رہا ہوں، ایک مسٹر ایکس کو خاص حکم ملا ہوا ہے اس نے ان چوروں کو جتوانا ہے، مسٹر ایکس آپ بھی کان کھول کر سن لو قوم فیصلہ کر چکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ آپ کو ان چوروں کو جتوانے کے لیے دھاندلی نہیں دھاندلا کرنا پڑے گا، اگر آپ نے دھاندلا کیا تو سری لنکا کا حال دیکھ لو۔
Comments are closed.