جمعہ 9؍محرم الحرام 1445ھ28؍جولائی 2023ء

اکرم ابڑو اور بیٹے کا قتل، ملزمان کے فرار کا روٹ میپ تیار

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکنِ صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں ملوث ملزمان کے فرار کا روٹ میپ تیار کر لیا گیا۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزمان نے مکمل ریکی کے بعد ڈیفنس میں جائے وقوع کا انتخاب کیا۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ اکرم ابڑو کیفے کلفٹن کے عقب میں واقع گھر سے گاڑی میں روانہ ہوئے تھے جبکہ خیابانِ اتحاد سے کورنگی کریک روڈ تک ملزمان ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے رہے۔

پولیس حکام نے بھی شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزمان کے پاس اکرم ابڑو کی نقل و حرکت کی مکمل معلومات تھیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکنِ صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق مقتولین کی ریکی کرنے کے لیے گروہ کا سرغنہ 3 روز سے کراچی میں موجود تھا اور واردات والے دن ملزمان آدھے گھنٹے تک اکرم ابڑو کے گھر سے نکلنے کا انتظار کرتے رہے۔

اس حوالے سے تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان کریک روڈ سے قیوم آباد کی جانب فرار ہوئے اور قیوم آباد میں ایک سپر مارکیٹ کے پاس تک ملزمان کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق دہشت گردی میں موٹر سائیکلوں کے علاوہ کار نمبر ANJ688 استعمال کی گئی۔

واردات میں استعمال کی گئی کار گینگ لیڈر نے اپنے دوست سے کام کے بہانے لی تھی۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گاڑی کی رجسٹریشن کی مدد سے اصل ملزم کا سراغ مل گیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس، قیوم آباد میں عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.