سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو تضادات درست کرنے کی ہدایت کر دی۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
نثار درانی نے دورانِ سماعت کہا کہ پولیٹیکل فنانس ونگ کے مطابق پی ٹی آئی کی پہلی درخواست اور بعد میں دی گئی درخواستوں میں تضاد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے خلاف پی ٹی آئی کی پہلی درخواست اور بعد میں دی گئی اعتراضات پر مبنی درخواستوں میں بھی تضاد ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی نے عامر محمود کیانی کو ہدایت کی کہ آپ ان تضادات کو درست کریں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک صرف 6 سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی کی درخواست پر جواب جمع کرایا ہے، ان جماعتوں میں پی ٹی آئی خود، جمعیت علمائے اسلام ف، بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی عوامی، پختون خوا ملی عوامی پارٹی، جمہوری وطن پارٹی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 19 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی، جن پر الیکشن کمیشن نے 16 جماعتوں کو نوٹس جاری کیئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے تمام سیاسی جماعتوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اعتراضات جمع کرائے تھے۔
Comments are closed.