وزیر دفاع پرویز خٹک نے تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کی وفاداریوں کی ممکنہ تبدیلی کا اعتراف کرلیا۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لائے گی تو اس کے 15 سے زائد ممبر غائب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے 10 بندے توڑتے ہیں تو ہم ان کے 15 بندے توڑیں گے، عمران خان کو اللہ ہی گرا سکتا ہے اپوزیشن نہیں گراسکتی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کے دن اپوزیشن ارکان کی سیٹیں خالی ہوں گی، یہ لوگ تحریک لائیں ان کو اپنی حیثیت کا اندازہ لگ جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہٹانے کے لیے مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری اور نواز شریف سب ہی اکٹھا ہوگئے ہیں لیکن یہ پھر بھی حکومت نہیں گراسکتے۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جتنے چاہیے جلسے جلوس، لانگ مارچ کرے ہمیں کوئی پرواہ نہیں، اپوزیشن کو عدم اعتماد پیش کرنے پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خوف سے اپوزیشن اکٹھا ہوئی ہے، حزب اختلاف کے پاس حکومت کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانا اتنا آسان کام نہیں، میں عمران خان کا سپاہی ہوں، اس کی حکومت کو کوئی نہیں گراسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے میری ان کے ساتھ کوئی مخالفت نہیں، اپوزیشن والوں نے جوڈالر بیرونی ممالک منتقل کیے وہ واپس لے آئیں اور جواب دیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم آنے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے، وزیر اعظم عمران خان عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔
Comments are closed.