گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ سے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کےلیے نمبر پورے نہیں ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے ادارے وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، وہاں سے نہ کوئی اشارے آتے ہیں، نہ ہی فون جاتے اور آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 9 مارچ کو کراچی آئیں گے اور ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کریں گے۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور آئندہ بھی اچھے رہیں گے، وزیراعظم اتحادیوں سے ملاقات کرتے ہیں، چوہدری شجاعت سےبھی ملاقات کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کےلئے میں نے وزیراعظم سے بات کی ہے، ایم کیو ایم ہماری حکومت کےساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، متحدہ قیادت کے کوئی مطالبات نہیں ہیں۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم نے وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کو سراہا ہے، متحدہ کے کیمپ سے مختلف اوقات میں مختلف آوازیں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی سے اختلافات ہوسکتا ہے، جسے ہم دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایم کیو ایم کی خواہش تھی کہ وزیراعظم بہادرآباد میں مہمان نوازی کا موقع دیں۔
Comments are closed.