وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کا دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے عوام کو آلو اور پیاز کی قیمتیں بھلادی ہیں۔
اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات کےلیے میری ٹیم کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، عوام کی نظریں نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری کی طرف لگ گئی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے میری پوری جماعت کو کھڑا کردیا ہے، اکثریت 27 مارچ کو اسلام آباد آنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس وقت کا انتظار کر رہے تھے اور شکر ہے اللہ کا کہ اپوزیشن نے انہیں یہ موقع دیا اور عدم اعتماد پیش کردی، اب یہ کپتان کے جال میں پھنس گئے ہیں، ان کی عدم اعتماد تو ناکام ہوگی ہی 2023 کے الیکشن سے بھی یہ لوگ گئے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے خطاب کہا کہ کس مائی کے لال میں کلیجہ ہے کہ 10 لاکھ کے مجمع سے گزر کر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اور واپس چلا جائے۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو ڈی چوک کے ہجوم سے گزر کر جانے کی دھمکی دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ابھی سے ڈر گئی ہے، عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی۔
Comments are closed.