وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پہلے اپوزیشن کو آئی ایم ایف کے پاس جانے پر اور اب قیمتیں کم کرنے پر اعتراض ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل عوامی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 10، 10روپے اور بجلی فی یونٹ 5 روپے کم کی ہے، عمران خان آئندہ بھی عوام کو ریلیف دیتے رہیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ امریکا، یورپ، برطانیہ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی کا 40 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، دنیا میں لاجسٹک اور ٹرانسپورٹیشن مہنگی ہوئی ہے، جس کے اثرات ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پٹرول فی بیرل 40 ڈالر سے 111 ڈالر، خوردنی تیل 400 ڈالر سے 1300 ڈالر فی ٹن، کوئلہ 40 ڈالر سے 200 ڈالر پر پہنچ چکا ہے۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا میں ہونے والی مہنگائی کا اثر حکومتوں اور عوام پر پڑا، اسی صورت حال میں عمران خان نے عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے انہیں ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف پہلےآئی ایم ایف کے پاس جانے پر تنقید کررہی تھی اور اب قیمتیں کم کرنے پر بھی معترض ہے، اپوزیشن منافقانہ رویہ ترک کرے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معیشت کو دیوالیہ سے ٹیک آف پر پہنچا دیا، ریکارڈ ٹیکس وصولیاں کیں، 8 ماہ میں 30 فیصد زائد ٹیکس اکٹھا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم کے محلات نہیں، منی لانڈرنگ نہیں کی اور نہ ہی لوٹ مار کی، اپوزیشن جان چکی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کہیں جانے والی نہیں، حکومت 5 سال مکمل کرے گی، آئندہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہی ہوگی۔
Comments are closed.