ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کرتے، اٹھارویں ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے موجودہ بلدیاتی نظام کے خلاف کل جماعتی کانفرنس بلائی، کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عدالتیں اور متعلقہ ادارے درست فیصلے نہیں کرپائیں گے تو سڑکوں پر آنا ہوگا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکمران عدالتوں کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرنے پر مجبور ہوئے، قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات بلدیاتی انتخابات سے مشروط ہونے چاہئیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کرتے، اٹھارویں ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے۔
کل جماعتی کانفرنس میں شریک تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، فنکشنل لیگ اور اے این پی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے سندھ حکومت کی بلدیات پر قانون سازی کو یکسر مسترد کردیا۔
اے پی سی کے اختتام پر سات نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق شریک سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی نئے بلدیاتی ایکٹ کی سفارشات مرتب کرکے اسمبلی کو بھیجے گی۔
Comments are closed.