بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آٹھویں تا دسویں نصاب میں سیرت النبی ﷺ شامل ہو گی: وزیرِ اعظم کو بریفنگ

وزیرِ اعظم عمران خان کو اعلیٰ تعلیم سے متعلق اجلاس میں بریف کیا گیا ہے کہ آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں کے نصاب میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات شامل کی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود، معاونِ خصوصی شہباز گِل اور چیئرمین وزیرِ اعظم ٹاسک فورس سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن شریک ہوئے۔

اجلاس کو سیالکوٹ انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ یونیورسٹی وفاقی اور پنجاب حکومت مشترکہ طور پر قائم کریں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ انجینئرنگ یونیورسٹی کے لیے آدھی رقم اور زمین حکومتِ پنجاب مہیا کرے گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں کے نئے نصاب کا اجراء جلد کر دیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے پہلو پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.