سبزی میں شمار کی جانے والی ہر چھوٹے بڑے کی من پسند غذا آلو سے متعلق متعدد غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں کہ ان میں غذائیت کی کمی ہوتی ہے، عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ آلو میں اسٹارچ ( مٹھاس کی ایک قسم ) پائے جانے کے سبب چہرے پر دانے اور موٹاپے میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق آلوؤں کی 173 گرام مقدار میں کیلوریز 161 جبکہ وٹامن بی 6، پوٹاشیم، کاپر، وٹامن سی، مینگنیز، فاسفورس، فائبر اور وٹامن بی 3 کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
آلو نہ کھانے کی صورت میں اس بات کی دلیل نہیں دی جا سکتی کہ اب موٹاپا نہیں آئے گا یا صرف آلو ہی موٹاپے کا سبب بنتے ہیں، ماہرین فٹنس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سخت ورزشیں کرنے والے افراد کو ابلے ہوئے آلو کھانا تجویز کیا جاتا ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آلو ایک صحت بخش غذا ہے نا کہ مضر صحت۔
دوسری جانب آلوؤں کو چہرے پر کیل مہاسوں میں اضافے کا بھی سبب مانا جاتا ہے، اس غلط فہمی میں اکثر اوقات نوجوان لڑکے اور لڑکیاں آلوؤں کا استعمال ترک کر دیتے ہیں جس کے نتیجے میں فائدہ تو دیکھنے میں سامنے نہیں آتا جبکہ نقصان ضرور ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر غذا اعتدال میں صحت بخش اور ضرورت سے زیادہ کھانے پر مضر صحت ثابت ہوتی ہے، اسی طرح آلو بھی صحت میں اضافے اور کئی شکایات کے خاتمے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
غذائی ماہرین کی جانب سے بتائے گئے آلو کے استعمال سے جسم پر آنے والے متعدد مثبت اثرات مندرجہ ذیل ہیں جنہیں جان کر سب ہی افراد اپنی من پسند غذاؤں مثلاً آلو کی چاٹ، آلو سے بنی سلاد، آلو کی ٹکیہ، بیک کیے ہوئے اور ابلے ہوئے آلوؤں سے بھاگنے کے بجائے اِن سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
غذائی ماہرین کے مطابق آلوؤں میں موجود پوٹاشیم پٹھوں کو آرام پہنچاتا ہے اور ورزش سے یا تھکن سے متاثر ہونے والے پٹھوں کی مرمت کرتا ہے، آلوؤں میں کیلشیم پائے جانے کے سبب یہ ہڈیوں کو مضبوط بھی بناتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق جہاں آلو میں کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں وہیں اس میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو کہ نظام ہاضمہ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
آلو کا استعمال بلڈ پریشر کو متوازن بناتا ہے، بطور سلاد، آلوؤں کو بیک کر کے یا ابال کر بھی کھایا جا سکتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق آلو میں ایک منفرد ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے، غذائی ماہرین کے مطابق الزائمر کے مرض میں مبتلا افراد کو آلو کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔
آلو بطور بیوٹی ایجنٹ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس میں موجود وٹامن سی جلد کو صاف شفاف اور بے داغ بناتا ہے اور قدرتی طور پر چہرے کے بالوں کو بلیچ کرتا ہے۔
آلو کے قتلے کاٹ کر اس سے چہرے پر مساج کیا جا سکتا ہے۔
آلو کا استعمال ایکنی کو دِنوں میں ختم کرتا ہے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا بھی خاتمہ اس عمل سے ممکن ہوتا ہے۔
آلو کا پیسٹ بنا کر چہرے پر لگانے سے چہرہ گرمی کی شدت سے محفوظ اور ترو تازہ رہتا ہے۔
Comments are closed.