قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میچ جیتے، آصف علی جب آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد یقین تھا کہ چھکے لگ جائیں گے، ٹیپ بال کھیلتا تھا اس میں بھی چھکے لگائے اور چھکوں کی پریکٹس بھی کرتا ہوں۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے جس سے سیکھنے کو ملے اس سے کچھ سیکھ لوں، کوچز جو پلان دیتے ہیں اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس کے ساتھ میسج پر بات کرتا رہتا ہوں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب بولرز بہترین ہیں، میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ ریڈ بال اور وائٹ بال میں پرفارمنس دوں، سخت محنت کر رہا تھا اور اچھے وقت پر وائٹ بال میں ڈیبیو ہوا ہے، ابھی سے زیادہ توقعات رکھیں گے تو بعد میں یہ نہ ہو کہ میچ ہروا دوں۔
نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ آپ کو اتنی بیٹنگ آنی چاہیے کہ دوسرا بیٹر کھیل رہا ہو تو اس کو سپورٹ دو، بیٹنگ میں جتنی محنت کرو وہ کم ہے، بولنگ کے ساتھ بیٹنگ پر بھی محنت کر رہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جب 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو تمام لوگ دل چھوڑ گئے تھے اور سوچ رہے تھے میچ ہاتھ سے نکل گیا ہے، مجھے خود بھی نہیں پتہ لگا کہ میں میچ جیتنے کے بعد کیا کر رہا ہوں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بیٹ کی نیلامی کر رہا ہوں، نیلامی کے لیے بیٹ لگایا ہوا ہے، جو بھی اس کے زیادہ پیسے دے گا اس کو دے دوں گا۔
Comments are closed.