سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی سب سے بڑی خواہش کا اظہار کردیا۔
نوابشاہ میں دوڑ کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ خواہش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میری زندگی میں وزیراعظم پاکستان بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جس ملک بھی گئے، وہاں سے دوستوں کے فون آئے کہ بلاول اچھی منسٹری چلا رہا ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے عوام کی خدمت میں توانائیاں صرف کریں، پیپلز پارٹی کی سیاست عوام کی خدمت کے لیے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کا وجود ہے، وہاں کوئی پارٹی کو دیکھنے والا نہیں، اب پنجاب میں پی پی کو ٹھیک کرنا ہے، اب لاہور میں بیٹھ کر پارٹی کو دیکھوں گا۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ آج ملک میں مہنگائی ہے، یہ سب ان کا قصور ہےجنہوں نے مجھ سے فراڈ کیا، میرا آج بھی اسلام آباد سے جھگڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دور صدارت میں تمام اختیارات وزیراعظم کو منتقل کیے، اس کے بدلے 18ویں ترمیم لی، جو صوبوں کو مضبوط کرتی ہے۔
پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ وہ کہتے ہیں تم نے کمزور کیا ہے میں کہتا ہوں مضبوط کیا ہے، بلوچستان ، خیبرپختونخوا، پنجاب ہو یا سندھ تمام صوبوں کو مضبوط کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ تم کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلےگا، ایک دن کا قصہ نہیں ہے، ہمارا مذہب ہی پیپلز پارٹی ہے، ہم قبر میں بھی اترتے ہیں تو ہمارے کفن پر پیپلز پارٹی کا جھنڈا ہوتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ کچھ اضلاع میں دورے کرنے کے بعد میں جاکر پنجاب میں بیٹھوں گا، اب مجھے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ٹھیک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم دینے میں پاکستان کا بھلا ہے، پاکستان کے بھلے میں ہی سب کا بھلا ہے۔
Comments are closed.