انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ ایک حقیقت ہے کہ جس ملک میں میچ کھیلا جارہا ہو وہاں کی مقامی ٹیم کو ہوم ایڈوانٹج کے تحت مخالف ٹیم پر برتری حاصل ہوتی ہے۔
اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا میں کھیلا جارہا ہے، جہاں ہوم سائیڈ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی ٹیم ہی اپنے ٹائٹل کا دفاع کررہی ہے۔
ایسے میں ورلڈ کپ میں شامل دیگر ٹیموں کے مقابلے میں پاکستان ٹیم کو بھی بڑی حد تک آسٹریلیا کی طرح ہی ہوم ایڈوانٹج حاصل ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور سابق آسٹریلوی اوپننگ بیٹر میتھیو ہیڈن ہیں جو ماضی میں بہت ہی کامیاب رہے اور اپنی ٹیم کو کئی میچز بھی جتوا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کرکٹ کھیلنے والے 50 سالہ میتھیو ہیڈن کو آسٹریلیا میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے۔
انہوں نے مجموعی طور پر 161 ون ڈے انٹرنیشنل، 103 ٹیسٹ میچز اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں۔
اپنے 1993ء سے 2009ء کے کیریئر کے دوران میتھیو ہیڈن نے آسٹریلیا میں 56 ٹیسٹ، 59 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔
یوں دنیا کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا میں بھی کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے میتھیو ہیڈن کے ماضی سے پاکستان ٹیم کو بہت حد تک فائدہ ہوسکتا ہے۔
اسی طرح پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ بولنگ کوچ بھی سابق مشہور آسٹریلوی فاسٹ بولر ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ 39 سالہ شان ٹیٹ نے 2005ء سے 2016 کے دوران کرکٹ کے تینوں فارمیٹس (ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی) میں عالمی سطح پر آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر اپنے کیریئر کے دوران 95 وکٹس حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن کی طرح بولنگ کوچ شان ٹیٹ کو بھی آسٹریلیا میں کھیلنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے جو کہ پاکستان ٹیم کے لیے کافی مددگار ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ آج کل پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں دونوں سابق کھلاڑیوں کی نگرانی میں ٹریننگ میں مصروف ہے۔
اس دوران اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو محمد یوسف اور ثقلین مشتاق کی خدمات بھی حاصل ہیں۔
Comments are closed.