آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے سابق کوچ جسٹن لینگر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں کوئی ڈرپوک نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں کبھی کوئی ڈرپوک رہا بھی نہیں، میں نے کبھی پرائیویٹ گفتگو کا انکشاف نہیں کیا۔
آسٹریلیا کے کپتان کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مایوس کن ہے کہ بعض اوقات توجہ آف دی فیلڈ سرگرمیوں پر چلی جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم توقع کر رہے ہیں کہ ابھی جسٹن لینگر اور سابق کھلاڑیوں کے کئی انٹرویوز آئیں گے، میرے خیال میں اس وقت جو شور ہے اس کا کھلاڑیوں کے کھیل پر اثر نہیں پڑے گا۔
پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ اس وقت بڑے اچھے ماحول میں ہے، جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس پر ہنستے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹن لینگر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم میں کچھ ڈرپوک ہیں۔
سابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر نے اندرونی باتیں لیک کرنے کا الزام بھی لگایا تھا۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جسٹن لینگر نے کہا تھا کہ ہر کوئی میرے چہرے کے سامنے بہت اچھا تھا، ٹیم میں کچھ ایسے ڈرپوک بھی تھے جو میڈیا میں میرے کوچنگ اسٹائل کی شکایتیں لگاتے تھے۔
Comments are closed.