آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے لیے اپنی حکمت عملی بتادی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ دونوں ٹیمیں اب سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 12 مارچ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدِمقابل آئیں گی۔
پوسٹ میڈیا پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلوی کپتان نے اشارہ دیا کہ وہ آئندہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف دو اسپنرز کے ساتھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف دو اسپنرز کو شامل کیا جائے۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ کراچی کی پچ پر بھی بمشکل کوئی فرق نظر آئے گا، اس لیے بہترین ہوگا کہ سیریز کے مزید میچز کے لیے دو اسپنرز کو ہی شامل کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم میں کونسے دو اسپنرز کو شامل کیا جائے گا یہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ دیکھ کر فیصلہ ہوگا۔
دوسری جانب آسٹریلوی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں اسپنر مچل سویپسن اپنا ڈیبیو کر سکتے ہیں۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ایسی پچز جن پر بولرز کے لیے کچھ نہ ہو ان پر میچ ڈرا ہونے کا ہی امکان ہوتا ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنے بیٹرز کی بیٹنگ کو انہوں نے مثبت چیز قرار دیا تھا۔
انہوں نے آخری پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ پنڈی اسٹیڈیم کی وہ روایتی پچ نہیں تھی جس کے بارے میں ہم نے جانا اور دیکھا تھا، یہ وہ نہیں تھی جس کے بارے میں پنڈی اسٹیڈیم مشہور ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے پنڈی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے اور کرکٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے آنے والے کراؤڈ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ تماشائیوں نے اپنا کردار نبھایا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں پورے میچ میں سپورٹ کرنے والا اچھا کراؤڈ ملا، ایسا زندہ دل اور شور مچانے والا کراؤڈ دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔
ساتھ میں انہوں نے پاکستانی بلے بازوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہیں جو مواقع ملے انہوں نے ان کا فائدہ اٹھایا۔
میچ کے ڈرا ہونے پر پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ میچ کے نتیجے سے ہم پریشان نہیں، آخر میں صحیح نتیجہ آیا۔
Comments are closed.