آسٹریلیا کے بیٹنگ کوچ مائیکل ڈی وینوٹو بھی کراچی ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستانی بیٹرز بابر اعظم اور عبداللّٰہ شفیق کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے روز آسٹریلوی بیٹنگ کوچ مائیکل ڈی وینوٹو کا کہنا تھا کہ ماننا پڑے گا کہ آج پاکستان نے بہت اچھا کھیلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہیں، کوشش کریں گے کہ کل وہ غلطیاں نہ کریں جو آج ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عبداللّٰہ شفیق کا کیچ ڈراپ کرنا ہمارے لیے مہنگا پڑا، آج کے کھیل پر پاکستان کو کریڈیٹ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 21 پر ہی دو اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔
ایسے میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار سنچری بناکر نہ صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز کے ساتھ چوتھے دن کا اختتام کروایا بلکہ انہوں نے اپنے کیریئر کی چھٹی سنچری بھی اسکور کی۔
ان کا ساتھ نوجوان بلے باز عبداللّٰہ شفیق نے دیا جو اس وقت 71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
دنوں کھلاڑیوں کے درمیان 171 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ بھی ہوچکی ہے اور دونوں پانچویں روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
Comments are closed.