بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آزاد کشمیر کو ہائیڈرو پاور میں خودکفیل بنانے کےلئے اقدامات جاری ہیں، چوہدری رشید

آزاد کشمیر کے وزیر منصوبہ بندی، ترقیات اور ادارہ برائے ترقی توانائی چوہدری رشید نے کہا ہے کہ قدرتی نعمتوں سے مالا مال خطہ آزاد کشمیر میں قدری وسائل  سے ہائیڈرو پاور پلانٹ لگا کر بجلی میں خود کفیل بنانے اور صنعتی انقلاب لانے کےلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیرس میں معروف کشمیری سیاسی وسماجی راہنما زاہد اقبال ہاشمی کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں جنگ سے سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے حصول کےلئے وہ فرانسیسی حکومت کی دعوت پر ایک وفد کے ہمراہ فرانس کے دورہ پر ہیں۔

انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں قدرتی وسائل سے بجلی پیدا کرنے کےلئے بہت سے مقامات ہیں جن کو ترقی دے کر سستی بجلی  پیدا کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔ بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی سے جنگل کو محفوظ بنا کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب وہاں انڈسٹری کے بے شمار منصوبے لگائے جا سکتے ہیں جس کےلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگ جفا کش اور ہنر مند ہیں۔

انہوں نے دنیا بھر میں مقیم بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ گاری کریں تاکہ وہاں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو۔ دنیا بھر سے سیاحت کے شوقین افراد آزاد کشمیر کے قدرتی خوبصورت مناظر دیکھنے کے خواہش مند ہیں، اس مقصد کےلئے انہوں نے سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے فرانس کے ہائیڈرو پاور پلانٹ منصوبوں کا مشاہدہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں مختلف منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔

قبل ازیں فرانسیسی حکومت کے تعاون سے ایک منصوبہ جگراں مکمل ہو چکا اور دوسرے مرحلہ میں  اس کی توسیع پر کام جاری ہے، جس سے بڑے پیمانے پر بجلی سسٹم میں آجائے گی۔

انہوں نے کہا بجلی کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس مقصد کےلئے قانون کی پاسداری یقینی بنانے کےلئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے خلاف گذشتہ دنوں عدم اعتماد کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہ آزاد کشمیر حکومت درست سمت پر چل رہی ہے اب وہاں لوٹا کریسی کا کلچر دم توڑ چکا ہے۔ آئندہ کوئی بھی اس قسم کی سیاست کی طرف نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں 33 سالوں بعد آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر بھی عوام کو اقتدار میں شامل کرکے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنایا جاسکے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.