مظفر آباد کی یونین کونسل انوار شریف کے پولنگ اسٹیشن پر 2 گروپوں میں تصادم ہوا ہے۔
واقعے میں ایک پولیس اہل کار اور 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
موسم سرد ہونے کی وجہ سے پولنگ کے عملے نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر آگ بھی جلا رکھی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جہلم ویلی میں ووٹ ڈالنے آئے ووٹرز سردی کے موسم میں گرما گرم ناشتے میں مصروف ہیں۔
ووٹرز ناشتے میں پائے، چنے نان اور چائے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وادیٔ نیلم کی گریس ویلی میں برف جمع ہے اور سخت سردی ہونے کے باوجود پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ووٹرز کی بڑی تعداد اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرنے میں مصروف ہے۔
آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے مظفر آباد میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ 31 سال بعد ہونے والے انتخابات کے لیے بہت اچھے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شدید سرد موسم کی وجہ سے کچھ علاقوں میں پولنگ شروع ہونے میں دیر ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے اپیل کی ہےکہ ووٹر پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں اور ووٹ ڈالیں۔
واضح رہے کہ آزاد جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 31 سال بعد مقامی حکومتیں پھر سے قائم ہوں گی۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفر آباد میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
مظفر آباد ڈویژن میں 614 بلدیاتی نشستوں پر 31 خواتین سمیت 2 ہزار 725 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 19 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں کل 6 لاکھ 95 ہزار 49 ووٹرز ہیں جن میں سے خواتین ووٹرز کے تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 747 اور مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 302 ہے۔
انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 575، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے 545 اور مسلم لیگ ن کے 465 امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں۔
آزاد کشمیر کی سب بڑی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے صرف 113 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
تحریکِ لبیک نے 67 اور جماعتِ اسلامی نے 46 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ آزاد امید وار کے طور 900 امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
Comments are closed.