بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کراچی کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہمیں تیار رہنا چاہیے۔

آرمی چیف نے پی اے ایف ایئروار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ کر کے جنگ میں بالادستی حاصل کی جاسکتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے 35 ویں ایئروار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے افسران پر خود کو جدید رجحانات سے آراستہ کرنے پر زور دیا اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور کامیابیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں آرڈنینس سینٹر ملیر میں کرنل کمانڈنٹ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور میجر جنرل سید شہاب شاہد کو کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے آرڈنینس کور کی امن و جنگ میں خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں آرڈنینس کور کے حاضر سروس و ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن کراچی کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں فاؤنڈیشن سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے معیاری سروسز فراہم کرنے پر فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور فاؤنڈیشن کی قومی خزانے میں زرمبادلہ کی فراہمی کی تعریف بھی کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.