سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللّٰہ زہری نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنے والد کی پارٹی میں جارہا ہوں۔
کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب میں ثنا اللّٰہ زہری نے کہا کہ ہم نے نواز شریف سے کہا تھا کہ ہمیں پنجاب سے کچھ نہیں صرف عزت چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انگریزوں کے دور سے سر کٹاتے آئے ہیں، سر نہیں جھکایا، نواز شریف نے ہمیں بےعزت کیا، ن لیگی قائد میں وفا نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری، شہید ذوالفقار بھٹو کے نواسے ہیں، توقع ہے جو نواز شریف نے ہمارے ساتھ کیا وہ آپ نہیں کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں اور بلاول بھٹو شہیدوں کے وارث ہیں، آج سے میں پیپلز پارٹی کا باقاعدہ حصہ ہوں، ایک ورکر کی حیثیت سے پی پی کے لیے کام کروں گا۔
نواب ثنا اللّٰہ زہری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی میری شہید بہن بےنظیر کی پارٹی ہے، جتنی قربانیاں ن لیگ کے لیے دیں، اس سے زیادہ پی پی کے لیے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ خون پسینا بہاکر پیپلز پارٹی کے لیے کام کروں گا، ہماری خواہش ہے کہ مستقبل کا وزیراعظم بلاول بھٹو بنے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرے والد نے ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ مل کر کام کیا، آج میں اپنے والد کی پارٹی میں جارہا ہوں۔
Comments are closed.