یوکرینی حکومت کے ایڈوائزر کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ میں آج سخت ترین دن ہو گا۔
ایک بیان میں یوکرینی حکومت کے ایڈوائزر کا کہنا ہے کہ کیف میں داخل ہونے کے لیے روس کا ٹینکوں کے استعمال کا منصوبہ ہے۔
یوکرینی حکومت کے ایڈوائزر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیف کے دفاع کے لیے ٹینک شکن میزائلوں کے ساتھ تیار ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے نائب وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کی فوج کم تعداد کے باوجود 4 محاذوں پر دفاع کر رہی ہے۔
یوکرینی نائب وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ روسی افواج آج کیف کے باہر کے علاقوں میں داخل ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف کے بہت قریب پہنچ گئی ہے، امریکی نیوز چینل سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلاروس کے راستے یوکرین میں داخل ہونے والی روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف سے 20 میل کے فاصلے پر ہے۔
روس کے حملے کے دوسرے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں صبح 2 زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
یوکرین کے جنوب مشرقی ریجن زپوری ززیا میں روسی فوج نے یوکرینی بارڈر پوسٹ پر میزائل حملہ کیا ہے۔
یوکرینی بارڈر گارڈ سروس کے مطابق جنوب مشرقی ریجن زپوری ززیا میں پوسٹ پر حملے میں متعدد گارڈز ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر یوکرین کے شہر ریونہ کے میئر کا کہنا ہے کہ ریونہ کے ایئر پورٹ پر میزائل حملہ ہوا ہے، تاہم اس میزائل حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔
امریکی حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس اتوار تک یوکرینی دارالحکومت پر مکمل قبضہ کر کے یوکرین کی موجودہ حکومت کا خاتمہ کر دے گا۔
Comments are closed.