ٹاپ لائنز سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ بحال ہونے سے ’ہو گا، نہیں ہو گا‘ کی تشویش دور ہو گئی۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں ٹاپ لائنز سیکیورٹیز کی جانب سے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہونے کے معاہدے پر تبصرہ سامنے آیا ہے۔
ٹاپ لائنز سیکیورٹیز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں کی سیاست نے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے کی تشویش پیدا کی تھی۔
اعلامیے میں ٹاپ لائنز سیکیورٹیز کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاہدے سے پاکستان کو مزید فنڈنگ میسر آئے گی، ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر بہتر ہو گی۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی توثیق کر دی جس کے بعد آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہو گیا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی گئی۔
پروگرام کی بحالی کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالرز فوری ملیں گے اور اضافی 50 کروڑ ڈالرز سے پیکیج کا سائز ساڑھے 6 ارب ڈالرز ہو جائے گا۔
قسط کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے پروگرام کی بحالی کے بعد دوسرے عالمی مالیاتی اداروں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر کی جانب سے پاکستان کے لیے فنانسنگ کا راستہ بھی کھل جائے گا۔
Comments are closed.