منگل8؍ذوالحجہ 1444ھ27؍جون 2023ء

اومانی وزیر خارجہ کا مسجد اقصیٰ کی زیارت کیلئے اسرائیل سے رابطہ

اومان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسیدی نے اسرائیلی وزارت خارجہ سے مسجد اقصیٰ کی زیارت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بدر البوسیدی آئندہ ہفتوں میں فلسطین کا دورہ کریں گے، اس دوران وہ مسجد اقصیٰ بھی جانا چاہتے ہیں۔

بدر البوسیدی نے دورہ مسجد اقصیٰ کیلئے تعاون کرنے کے حوالے سے اسرائیلی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلائی کوہن اپنے اومانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات پر بھی غور کر رہے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بدر البوسیدی ملاقات میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلائی کوہن نے اپنے اومانی ہم منصب سلطان حیثم بن طارق کا شکریہ ادا کیا۔

رواں سال مارچ میں اومان نے اسرائیلی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایلائی کوہن نے البوسیدی سے ٹیلیفون پر بات چیت بھی کی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں اومانی وزیر خارجہ نے ایک میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے تیار ہے لیکن اس کیلئے فلسطینیوں کے حق سے دستبردار نہیں ہوا جاسکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی کیلئے فلسطینی ریاست کا قیام اومان کی شرط ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.