بدھ 2؍ذوالحجہ 1444ھ21؍جون 2023ء

اولمپیئن جیولین تھرور ارشد ندیم ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے

اولمپئین جیولین تھرور ارشد ندیم گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے کے باعث آئندہ ماہ ہونے والی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ارشد ندیم کے ان فٹ ہونے کا انکشاف پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی نے لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے فٹ نہیں ہیں، یہ ملک کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

اکرم ساہی نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز میں ارشد ندیم کو حصہ نہیں لینا چاہیے تھا، ہم نے کہا تھا کہ یہ واپڈا کی جانب سے حصہ نہ لیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری بات کو نہیں مانا گیا اور ایک میڈل کی خاطر ارشد ندیم کو انجری کا شکار کرادیا گیا، ہمیں پہلے پاکستان کا سوچنا چاہیے۔

صدر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے یہ بھی کہا کہ ارشد ندیم کو خود بھی فیصلہ کرنا چاہیے تھا اور حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے لیکن وہ ملازم ہیں زیادہ مزاحمت بھی نہیں کر سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹک ٹریک بھی ٹھیک نہیں تھا جہاں ارشد ندیم ان فٹ ہوا ہم نے اس کی نشاندہی کر دی تھی۔

اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ ٹریننگ اچھی جا رہی تھی ان فٹ نہ ہوتا تو ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتتا، نیشنل گیمز میں ٹریک ٹھیک نہیں تھا ڈر ڈر کر تھرو کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ میری بدقسمتی ہے کہ میں ان فٹ ہو گیا، میرے دائیں گھٹنے کا اب مسئلہ ہوا ہے جبکہ میرا بایاں گھٹنہ اب ٹھیک ہو چکا ہے، مقابلے سے پہلے میں نے ٹریک کے خراب ہونے کی نشاندہی کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.