کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے ایک اسکول کے کلاس روم میں گولی لگنے سے طالبہ کے زخمی ہونے کا معاملہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کلیئر نہیں ہو سکا، مختلف بیانات پر ابہام دور کرنے کےلیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ فیصل بشیر میمن کے مطابق واقعہ اورنگی ٹاؤن نمبر ایک میں دہلی گرامر اسکول کے اندر کلاس روم میں پیش آیا۔
فیصل بشیر میمن کے مطابق ایک مسلح نوجوان اسکول کے کلاس روم میں آیا جس کے پاس موجود پستول سے گولی چلی جس سے میٹرک کی 16 سالہ طالبہ علیشاہ دختر عبدالعزیز ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔ جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
فیصل بشیر میمن کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فائرنگ میں ملوث ملزم اسکول کا طالب علم نہیں ہے۔
بچی اور اس کے والد کا بیان ہے کہ گولی اتفاقیہ طور پر چلی تاہم بچی کا ایک اور قریبی رشتہ دار واقعہ کو ٹارگٹڈ قرار دے رہا ہے۔
فیصل بشیر میمن کے مطابق بچی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، واقعے کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے تاہم آخری اطلاعات تک یہ طے نہیں ہوسکا تھا کہ وہ واقعہ حادثاتی ہے یا بچی کو گولی مار کر زخمی کیا گیا۔
Comments are closed.