پیر4؍ربیع الثانی 1444ھ31؍اکتوبر 2022ء

انگور کے برابر دنیا کا سب سے چھوٹا ٹیلی ویژن

دنیا میں جہاں اب ہم موبائل جیسی چھوٹی اسکرینز کے ساتھ ساتھ پروجیکٹر کی صورت میں بڑی اسکرینز بھی دیکھ رہے ہیں ایسے میں ایک کمپنی نے ٹیلی ویژن کو لے کر نئی سمت اختیار کرلی اور انگور کے برابر کا ٹیلی ویژن بناڈالا۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹائنی سرکٹس نامی ایک الیکٹرونکس کمپنی نے دنیا کا سب سے چھوٹا ٹیلی ویژن بنایا ہے جو ایک عام موبائل کی اسکرین سے بھی بہت چھوٹا ہے۔ 

اس ٹیلی ویژن کے بارے میں کمپنی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے چھوٹا ٹیلی ویژن ہے جس میں ایک بڑے ٹیلی ویژن کی تقریباً تمام ہی خصوصیات موجود ہیں۔ 

اس چھوٹے ٹیلی ویژن پر نہ صرف تمام مطلوبہ بٹن لگے ہوئے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ان کا ریمورٹ کنٹرول بھی موجود ہے جس کی مدد سے اس کے چینلز تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ 

ٹیلی ویژن میں آواز کے لیے اسپیکر بھی موجود ہے، آواز کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ ایک پرانے ٹیلی ویژن کی طرح ایک اسٹینڈ پر رکھا جاسکتا ہے۔ 

کمپنی کی جانب سے بنائے گئے ٹیلی ویژن کی اسکرین کا احاطہ تقریباً صفر اعشاریہ 6 انچ یعنی 15 ملی میٹر کا ہے جبکہ فریم کے ساتھ مکمل حجم ایک انچ تک ہے۔ 

اس میں ایک بیٹری نصب ہے جو ایک مرتبہ چارج کرنے پر اسے تقریباً ایک گھنٹے تک چلاسکتی ہے۔ 

اس ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشریات یو ایس بی-سی کیبل کے ذریعے کمپیوٹر سے منسلک کرکے دیکھی جاسکتی ہیں۔ 

اسی طرح اس ٹیلی ویژن میں ایک 8 گیگا بائٹ (جی بی) کا مائیکرو ایس ڈی کارڈ موجود ہے جس میں 10 سے 40 گھنٹوں کی فوٹیج محفوظ کی جاسکتی ہیں۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.