اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں تھا، پاکستان نہ آنے کا فیصلہ برطانوی ہائی کمیشن کا نہیں انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں تھا، اگر سیکیورٹی خدشات ہوتے تو میں سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتا، انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ آزاد ادارہ ہے، کرکٹ سیریز منسوخ کرنا انگلش کرکٹ بورڈ کا اپنا فیصلہ ہے، اس میں برطانوی حکومت کا عمل دخل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ دورے میں کوئی سیاست تھی اور نہ کوئی سازش ہے، انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے پر افسوس ہے، یہ افسوس ناک دن ہے، مجھ سے زیادہ کوئی مایوس نہیں۔
کرسچن ٹرنرکا کہنا تھا کہ ای سی بی یہ نہیں کہہ رہا کہ سکیورٹی پرابلم ہے، میں اس معاملے کو سازش نہیں سمجھتا، ہمیں مل کر کام کرنیکی ضرورت ہے، آج کا پاکستان سال 2001 سے مختلف ہے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اپنی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔اس سے قبل گزشتہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی گذشتہ دنوں ٹاس سے کچھ دیر قبل دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
Comments are closed.