تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 222 رنز کا ریکارڈ ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستانی بولرز نے فل سالٹ کو 18 کے مجموعے پر چلتا کیا، لیکن انگلینڈ کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے ول جیک نے 22 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم پر سے پریشر ختم کروادیا۔
انہوں نے ڈاؤڈ ملان کے ہمراہ 43 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 61 کے مجموعے پر ڈاؤڈ ملان آؤٹ ہوئے تو 82 کے مجموعے پر جیک بھی پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو عثمان قادر نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اس کے بعد ہیری بروک اور بین ڈکِٹ نے کیریز سنبھالی اور پھر پاکستانی بولرز کی درگت بنادی۔
دونوں نے ناقابلِ شکست 69 گیندوں پر 139 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز پر پہنچایا۔
ہیری بروک نے 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ بین ڈکِٹ نے 42 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان قادر 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ محمد حسنین ایک آؤٹ کرسکے۔
گزشتہ نتائج:
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو محمد رضوان اور بابر اعظم کی ریکارڈ ڈبل سنچری پارٹنر شپ کے باعث 10 وکٹوں سے ہرادیا تھا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا ہے اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بابر اعظم کی قیادت میں اترنے والی پاکستان ٹیم میں محمد رضوان، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، حارث رؤف، محمد حسنین، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ نے اس میچ کے لیے تین تبدیلیاں کی ہیں، جہاں مارک ووڈ، ریس ٹاپلے اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ول جیک کو شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ نے اس میچ کے لیے ڈیوڈ وِلی، لیوک ووڈ اور ایلکس ہیلز کو آرام دیا ہے۔
مہمان ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ویل جیک، ڈاؤڈ ملان، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، سیم کرن، لیام ڈاؤسن، عادل رشید، مارک ووڈ اور ریسی ٹوپلے شامل ہیں۔
Comments are closed.