انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ برس پاکستان کا دورہ کرنے اور 2 اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی بھی حامی بھرلی۔
ای سی بی حکام نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ سے ملاقات کی۔
اس ملاقات سے متعلق پی سی بی نے بتایا کہ انگلینڈ نے اگلے سال 2 اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی حامی بھرلی ہے۔
آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔
علاوہ ازیں آئندہ برس بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔
ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو ای سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے شاندار تعلقات چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا خوش آئند ہے، شائقین کرکٹ کے لیے بہترین خبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اکٹھے ہوکر چلنا ہے، تمام بورڈز کے لیے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کو سمجھ کر چلیں۔
انہوں نے کہا کہ ای سی بی کو شاید اندازہ ہوا ہے کہ دورہ منسوخ کرکے اس نے ناانصافی کی، ای سی بی نے یہاں آکر معاملات کو بہتر کیا جو بڑے پن کا مظاہرہ ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے فیصلے پر ازسرنو غور کر رہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ دنیا میں پاکستان کرکٹ کی عزت ہو۔
انہوں نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان سے متعلق کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ بہت اہم ہے، یہ 24 سال میں پہلی بار پاکستان آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کا پی ایس ایل بھی شروع کرنے جارہے ہیں، جس میں انگلینڈ پلیئرز بھیجے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ خواتین کرکٹ کی بھی پاکستان سپر لیگ کروائیں گے۔
Comments are closed.