اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا، بارش کے باعث میچ کے پانچویں روز کوئی گیند نہیں کروائی جا سکی۔

مانچسٹر کے موسم نے ایشیز سیریز میں انگلینڈ کے کم بیک کی کوششوں پر پانی پھیردیا، بارش کی وجہ سے اولڈ ٹریفورڈ پر آخری روز ایک گیند کا کھیل بھی نہیں ہوسکا اور انگلینڈ کی ٹیم ایک ممکنہ فتح سے محروم رہی۔ ایشیز اس سال بھی آسٹریلیا کی ملکیت ہی رہے گی۔

چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 317 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جبکہ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 592 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

دوسری اننگز میں 275 رنز کے بھاری خسارے میں جانے والی آسٹریلین ٹیم نے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے تھے۔

سیریز میں 1-2 کے خسارے کا شکار انگلینڈ کو کھیل کے آخری روز آسٹریلیا کی 5 وکٹیں حاصل کرنا تھیں، جبکہ آسٹریلین ٹیم انگلینڈ کے اسکور سے 61 رنز پیچھے تھی جبکہ اس کے بعد انگلش ٹیم کی ایک اننگز بھی باقی تھی۔

مگر موسم نے ایسا نہ ہونے دیا، میچ کے آخری روز بارش نے ایک گیند کے کھیل کا بھی موقع نہیں دیا، ایک موقع پر یوں لگا کہ میچ کا آغاز ہو جائے گا لیکن پھر سے بارش شروع ہو گئی اور بالآخر شام تک انتظار کے بعد امپائرز نے میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد اب انگلینڈ کا رواں ایشیز سیریز جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ اب سیریز اگر ڈرا بھی ہوئی تو ایشیز آسٹریلیا میں ہی رہے گی کیوں کہ قوانین کے مطابق ڈرا ہونے کی صورت میں پچھلی سیریز جیتنے والی ٹیم ایشیز اپنے پاس برقرار رکھتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.