وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آگئی، انڈونیشیا سے پام آئل لے کر آج پہلا جہاز روانہ ہو گا۔
وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو فوری پام آئل فراہم کرے گا۔
اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا تھا، وفد کے انڈونیشیا کی وزارتِ تجارت سے کامیاب مذاکرات ہوئے تھے۔
وزیرِ صنعت و پیداوار مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کیے۔
پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارتِ تجارت نے تمام امور تیزی سے نمٹائے۔
اعلامیے کے مطابق خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ 2 ہفتوں کے دوران پاکستان پہنچیں گے۔
انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا ہوا پہلا بحری جہاز آج پاکستان کے لیے روانہ ہو گا۔
Comments are closed.