پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ گرین شرٹس نے اپنے آخری گروپ میچ میں افغانستان کو 83 رنز سے ہرا دیا۔ بیٹرز نے 303 رنز کا ٹوٹل سجایا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی اوپنرز شاہ زیب خان اور شامل حسین نے شاندار آغاز کیا، دونوں نے نصف سنچری اسکور کی اور 115 رنز کی شراکت بنائی، شامل حسین 75 اور شاہ زیب 79رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
پھر ریاض اللّٰہ نے جارحانہ بیٹنگ کی، انہوں نے 69 گیندوں پر 73 رنز بنائے، اذان اویس 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان ٹیم 48 اوورز میں 303 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔
فریدون داؤد زائی اور بشیر احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن شروع ہی میں لڑکھڑا گئی، خبیب خلیل، عبید شاہ اور طیب عارف نے کسی کو ٹکنے ہی نہ دیا۔ 6 رنز پر پہلی وکٹ گری اور 100 رنز تک آدھی ٹیم پویلین پہنچ گئی بقیہ کھلاڑی بھی اسکور کو 220 تک ہی پہنچا سکے۔
عبید شاہ اور طیب طاہر نے تین، تین اور خبیب خلیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستان ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہی۔
بھارت نے نیپال کو 10 وکٹ سے ہراکر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
Comments are closed.