صوبے کی پہلی جدید سندھ فارنزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں پیر کو کرائم سین یونٹ آفیسرز سندھ پولیس کے لیے فارنزک ڈی این اے سے متعلق تین روزہ تربیتی سیشن ہوا۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ایکٹنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین اور ایس ایف ڈی ایل کے فارنزک کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں منقعدہ کرائم سین یونٹ آفیسرز کے تربیتی سیشن سے خطاب کیا۔
اس تربیتی سیشن کے پہلے روز 30 افسران نے شرکت کی، جبکہ تین دن کے سیشنز میں کل 90 افسران شرکت کریں گے۔
اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسر فرزانہ شاہین نے شرکاء کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی جانب سے خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی کے تحت مستقل بنیادوں پر میڈیکو لیگل آفیسرز، پروسیکیوشن کے شعبے اور عدلیہ کے لیے فارنزک ڈی این اے سے متعلق تربیتی سیشن کا انعقاد ہوتا ہے۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی میں اب تک تقربیاً 5 ہزار سے زیادہ ڈی این اے تجزیات ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے کہا کہ فارنزک ڈی این اے دورِ حاضر کا جدید ترین آلات پر مبنی تحقیق ہے جس نے جرائم اور شہری مسائل کے حل میں بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سیشن میں مختلف کیسز میں نمونوں کی جمع آوری کے طریقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
شرکاء کو جدید ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کے قیام کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر اشتیاق کا کہنا تھا کہ ایس ایف ڈی ایل بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل طور پر ڈی این اے اور سیرولوجی کیسز کو حل کرنے کی اسطاعت رکھتی ہے۔
پہلے دن کے سیشن کے اختتام پر شرکاء نے سندھ فارنزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے فرضی کرائم سین پر تربیت حاصل کی۔
Comments are closed.