جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

انوارالحق کاکڑ، سرفراز بگٹی کو پی پی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، ندیم افضل چن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے انکشاف کیا ہے کہ انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بننے سے پہلے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں ندیم افضل چن نے کہا کہ سرفراز بگٹی جب سینیٹر تھے تب بھی انہیں پی پی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کو بھی اُس وقت پی پی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سلیکشن کے بجائے صاف اور شفاف الیکشن چاہتی ہے، ہم تمام ہی سیاسی جماعتوں کےلیے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو سرکاری لاڈلا بننے کی کوشش کر رہا ہے اس کو عوامی لاڈلہ بننا چاہیے، پیپلز پارٹی پہلے بھی سب پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلی تھی اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

ندیم افضل چن نے یہ بھی کہا کہ ایسی اتحادی حکومت نہیں چاہتے، جس میں اپنے کیس ختم کرالیے جائیں اور عوام خیال تک نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی پنجاب میں سرپرائز دے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.