قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی بیٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں کوہلی بہت زیادہ دباؤ میں تھے اور پر اعتماد نظر نہیں آرہے تھے۔
ایک یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی سیٹ ہو گیا تھا اور سیٹ بلے باز کو آؤٹ کرنا مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ ویرات کوہلی سیٹ ہونے کے بعد بھی پراعتماد نظر نہیں آ رہا تھا۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں ایک آل راؤنڈر کی ضرورت ہے، ٹی ٹوئنٹی میں کپتان کے پاس 6 بولرز ہونے چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو 4 اور 5 نمبر پر دو بیٹرز چاہیے، ان نمبرز کے بعد قومی ٹیم میں شاہد آفریدی اور رزاق جیسا ایک آل راؤنڈر ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف بھارت صرف 2 گیندوں قبل حاصل کرسکا۔
اس میچ میں ویرات کوہلی نے 34 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھےاور صفر پر فخر زمان نے نسیم شاہ کی گیند پر ان کا کیچ بھی ڈراپ کیا تھا۔
Comments are closed.