آل پاکستان انجمن تاجران نے ذخیرہ اندوزوں، بجلی اور گیس چوروں کے خلاف آپریشن کی حمایت کردی۔
چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر(آئی پی پیز) کی 2 دہائیوں سے جاری لوٹ مار کو بے نقاب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کےخلاف کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
نعیم میر نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس چوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث بینکوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے یہ بھی کہا کہ مافیاز پر ایف آئی آر درج کرنا کافی نہیں، صدارتی آرڈیننس لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف الیکشن کرا دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، عدل پہلی ترجیح ہونی چاہیے، خصوصی عدالتیں بنا کر 90 روز میں مافیاز کے مقدمات کے فیصلے سنائے جائیں۔
نعیم میر نے کہا کہ کاروباری مافیاز کے خلاف جاری آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کسٹم حکام کے اثاثوں کی چھان بین کروا کر آمدن سے زائد اثاثے ضبط کئے جائیں۔
Comments are closed.