’انتقام کی ٹھنڈی ڈش‘: صدر پوتن کے وہ مخالفین جن کی موت پراسرار حالات میں ہوئی
یوگینی پریگوزِن ’طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوئے۔‘
روسی حکام کے مطابق مسلح گروہ ویگنر کے بانی وگینی پریگوژن کی مبینہ ہلاکت بدھ کے دن ماسکو کے شمال مشرق میں ایک طیارے کے حادثے میں ہوئی تاہم اس حادثے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آ سکیں۔
وگینی پریگوژن نے صرف دو ماہ قبل ہی صدر پوتن کے اقتدار کو سب سے بڑا چیلنج دیا تھا جس کے بعد ان کی پراسرار حالات میں ہلاکت کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے اور اس حادثے کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکہ، فرانس اور برطانیہ سمیت کئی ممالک یہ عندیہ دے چکے ہیں کہ اس حادثے کے پیچھے روسی حکام کا ہاتھ ہے۔ اگر ایسا ہی ہے تو پھر یہ کسی ہالی وڈ فلم کا سکرپٹ لگتا ہے۔
تاہم یہ شکوک مکمل طور پر بے بنیاد بھی نہیں ہیں کیوںکہ ماضی میں صدر پوتن کے متعدد مخالفین اور ناقدین کی موت پراسرار حالات میں ہو چکی ہے۔
’انتقام کی ٹھنڈی ڈش‘
چند ماہ قبل تک وگینی پریگوژن روسی صدر کے انتہائی قریبی ساتھی اور معتمد سمجھے جاتے تھے اور ان کا تعلق اس زمانے میں شروع ہوا تھا جب پوتن سوویت یونین کی خفیہ ایجنسی ’کے جی بی‘ میں کام کرتے تھے۔
تاہم اس قربت کا اختتام 23 جون کو ہوا جب کئی ماہ تک یوکرین کی جنگ میں روسی فوجی قیادت پر تنقید کرنے کے بعد وگینی پریگوژن نے ویگنر کے جنگجوؤں کو حکم دیا کہ وہ یوکرین کی سرحد کے قریب روسٹو شہر پر قبضہ کر لیں۔
معاملہ یہی نہیں رُکا بلکہ انھوں نے ویگنر کے جنگجوؤں کو ماسکو کی جانب پیش قدمی کا حکم دے دیا جس کا مقصد بظاہر روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور ان کے قریبی حکام کو مستعفی ہونے پر مجبور کرنا تھا۔
تاہم یہ بغاوت کامیاب ہونے سے قبل ہی بیلاروس کے صدر کی مداخلت کے بعد مذاکرات کے نتیجے میں اختتام پذیر ہوئی۔ لیکن یہ بغاوت روس پر صدر پوتن کے کنٹرول کو ایک زوردار جھٹکا دینے میں ضرور کامیاب رہی تھی۔
صدر پوتن کی جانب سے اس بغاوت کو ’تختہ الٹنے کی سازش‘ قرار دیا گیا اور اس سازش کے مرکزی کرداروں کو ’غدار‘ اور ’روس کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے‘ قرار دیتے ہوئے سزا دینے کا اعلان بھی کیا۔
لیکن وگینی پریگوژن حالیہ ہفتوں کے دوران روس میں باآسانی گھومتے پھرتے رہے جو شاید اس بات کا ثبوت تھا کہ صدر پوتن ان لوگوں میں شمار ہوتے ہیں جن کا ماننا ہے کہ ’انتقام ایک ایسی ڈش ہے جو ٹھنڈی کر کے کھانی چاہیے۔‘
پوتن کے ناقد جو پراسرار حالات میں ہلاک ہوئے
سابق نائب وزیر اعظم بورس نیمٹسوو کو 2015 میں ماسکو میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ وہ پوتن کے خلاف اپوزیشن کی قیادت کر رہے تھے
صدر پوتن کے دور اقتدار کے دوران ان کے کم از کم 20 مخالفین یا ناقد جن کو ’غدار‘ کا خطاب ملا، روس یا بیرون ملک پراسرار حالات میں ہلاک ہوئے۔
ان میں سے پہلی شخصیت ولادیمیر گولوویلوو تھے جن کو ماسکو میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ اپنے کتے کے ہمراہ چہل قدمی کر رہے تھے۔
ولادیمیر گولوویلوو بھی پہلے پوتن کے حامی ہوا کرتے تھے لیکن بعد میں انھوں نے صدر پر تنقید شروع کر دی تھی۔
ان کی ہلاکت سے قبل روس کی برسراقتدار جماعت نے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ سوویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد انھوں نے نجکاری کے عمل سے غیر قانونی طور پر پیسہ بنایا۔
ولادیمیر گولوویلوو کی ہلاکت کے ایک سال بعد سرگئی یوشینکو نامی رکن پارلیمنٹ کو بھی ماسکو کی گلیوں میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
سرگئی یوشینکو اس پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ تھے جس نے ستمبر 1999 میں اپارٹمنٹ بلڈنگ پر ہونے والے اُن حملوں کی تحقیقات کی تھیں جن کے لیے چیچن باغیوں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا۔ اس حملے کو جواز بناتے ہوئے روس نے چیچنیا کے خلاف دوسری جنگ کا آغاز کر دیا تھا۔
سرگئی یوشینکو کو شک تھا کہ یہ حملے دراصل روسی خفیہ ایجنسیوں نے کروائے تھے۔
سات اکتوبر 2006 کو ایک اور کیس سامنے آیا جب روسی اخبار نوایا گزیٹا کی صحافی اینا پولیٹ کووسکایا کا قتل ہوا۔ انھوں نے چیچنیا میں روسی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے تنقید کی تھی۔
سنہ 2014 میں اس قتل کے الزام میں پانچ ملزمان کو سزا سنائی گئی تاہم حکام یہ واضح کرنے میں ناکام رہے کہ ان ملزمان کو اینا کے قتل پر کس نے اُکسایا۔
روسی حکام نے کبھی بھی اس بات کی تحقیقات نہیں کیں کہ صحافی اینا کے قتل کا حکم کس نے دیا
27 فروری 2015 کو ایک ایسا کیس سامنے آیا جس نے اس شک کو مذید مضبوط کیا کہ روس میں صدر پوتن کے مخالفین کو مروا دیا جاتا ہے۔
اس دن سابق نائب وزیر اعظم بورس نیمٹسوو کو قتل کر دیا گیا تھا اور یہ جرم ایک ایسی عمارت کے قریب ہوا جہاں صدر پوتن کا دفتر ہے۔
1990 کی دہائی میں بورس نیمٹسوو روسی سیاست کے ابھرتے ہوئے ستارے تھے۔ ایک وقت خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ بورس یلسن کی جگہ لے سکتے ہیں لیکن ان کی جگہ قرعہ فال پوتن کے نام نکلا۔
آغاز سے ہی بورس نیمٹسوو پوتن کے ناقد رہے خصوصاً ان کی یوکرین سے متعلق پالیسی پر۔ وہ پوتن کی جانب سے خود کو اقتدار میں رکھنے کی کوششوں پر بھی تنقید کرتے رہے۔ ان کو اس تنقید کی سزا میں تین بار جیل بھی جانا پڑا۔
سنہ 2008 کے صدارتی انتخابات میں بورس نیمٹسوو نے پوتن کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے اور ایک سال بعد انھوں نے صدر پوتن کے دیگر ناقدین کے ساتھ مل کر، جن میں سابق ورلڈ شطرنج چیمپیئن گیری کیسپروو بھی شامل تھے، ایک نئی سیاسی جماعت ’سولی ڈیریٹی پارٹی‘ بنائی۔
بورس نیمٹسوو کا قتل کرنے والے افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق چیچنیا کے رہنما رمضان قادریوو سے تھا تاہم اس معاملے کی تفتیش نہیں کی گئی۔
سنہ 2008 کے اوائل سے اب تک چھ ایسے سیاست دان، صحافی اور انسانی حقوق کارکن قتل ہو چکے ہیں جو صدر پوتن کے ناقد تھے۔
ملک سے فرار بھی کافی نہیں
صدر پوتن کے مخالفین اور ناقدین صرف روس میں ہی ہلاک نہیں ہوئے۔ چند ایسے افراد جنھوں نے یہ سوچ کر ملک چھوڑ دیا کہ وہ شاید بیرون ملک محفوظ رہیں گے، وہ بھی پراسرار حالات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان میں سے ایک مشہور کیس سابق جاسوس الیگزینڈر لٹوینینکو کا ہے جن کی موت نومبر 2006 میں لندن کے ایک ہسپتال میں اچانک بیمار ہو جانے کے بعد ہوئی۔
بعد میں تفتیش میں معلوم ہوا کہ ان کی موت پولونیئم 210 نامی تابکاری مواد کی وجہ سے ہوئی جو کافی زہریلا ہوتا ہے۔
انھوں نے برطانیہ میں پناہ لیتے ہوئے روسی حکام پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کو روسی اولیگارک بورس برزوسکی کو قتل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
بورس برزوسکی مارچ 2013 میں برطانیہ میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
جلاوطنی نے بھی اولیگارک بورس برزوسکی کی مدد نہیں کی
کچھ افراد کا ماننا ہے کہ انھوں نے اپنے معاشی مسائل سے تنگ آ کر خودکشی کر لی تھی۔ تاہم جلا وطنی کے دوران ان پر متعدد حملے ہو چکے تھے۔
بورس برزوسکی بورس یلسن کے دور حکومت میں کافی امیر ہوئے تھے اور بعد میں پوتن کے حامی بن گئے۔ انھوں نے صدر پوتن کی پہلی صدارتی مہم کے دوران ان کی مالی مدد بھی کی۔ تاہم بعد میں ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جو اس وقت سامنے آئے جب روسی حکام نے ان کے ٹی وی سٹیشن کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔
مارچ 2018 میں برطانیہ میں قیام پذیر دیگر روسی افراد بھی ایک حملے کا شکار ہوئے۔ سابق جاسوس سرگئی سکرپال اور ان کی بیٹی یولیا کو مبینہ طور پر روسی خفیہ ایجنٹس نے زہر دے کر ہلاک کیا۔
سرگئی سکرپال روسی سنٹرل انٹیلیجنس ڈیپارٹمنٹ جی آر یو کے لیے کام کرتے تھے لیکن 2004 میں گرفتاری سے پہلے وہ بطور ڈبل ایجنٹ برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے لیے بھی کام کر رہے تھے۔
روسی عدالت نے ان کو 13 سال قید کی سزا سنائی تاہم بعد میں ان کو امریکہ میں قید روسی ایجنٹوں کے بدلے رہا کر دیا گیا۔
برطانوی حکومت نے ان کے قتل کے الزام میں روسی خفیہ ایجنسی کے دو اراکین کی شناخت کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کیا کہ ان افراد کو حوالے کیا جائے لیکن روسی حکومت نے کسی قسم کے کردار سے انکار کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے مطالبے کا جواب نہیں دیا۔
سابق جاسوس سرگئی سکرپال اور ان کی بیٹی یولیا کو مبینہ طور پر روسی خفیہ ایجنٹس نے زہر دے کر ہلاک کیا۔
اس فہرست میں تقریبا نصف درجن ایسے اولیگارکس (روس کے امیر ترین افراد) اور سابق روسی حکام کا نام بھی شامل ہے جن کی پراسرار حالات میں موت یوکرین پر روسی حملے کے بعد ہوئی۔
روسی تیل کمپنی ’لک آئل‘ کے صدر ریول میگانو ستمبر 2022 میں مبینہ طور پر ماسکو کے ایک ہسپتال کی کھڑکی سے گر کر ہلاک ہوئے تھے جہاں وہ علاج کے لیے داخل تھے۔
برمنگھم یونیورسٹی کے پروفیسر سٹیفن وولف نے ایک مضمون میں خبردار کیا ہے کہ ’دو دہائیوں سے پوتن کا پیغام واضح رہا ہے کہ وہ مخالفت برداشت نہیں کریں گے اور اس کے جان لیوا نتائج ہوں گے۔‘
ان کا ماننا ہے کہ ’یہ حکمت عملی کارگر رہی ہے کیوں کی پوتن نے ہر قسم کے اندرونی چیلنج سے بچتے ہوئے تنقید کو مٹا دیا ہے۔‘
Comments are closed.