ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت معطل کیے جانے کے بعد الیکشن پراسیس رک گیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ذمہ دار وہ نہیں، پی ٹی آئی ہے، جس نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرری چیلنج کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) کا تقرر کر دیا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ بھی شروع کر دی تھی، ٹریننگ الیکشن شیڈول سے پہلے ضروری ہے تاکہ شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور وصول کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ڈی آر اوز اور آر اوز کے تقرر کو چیلنج کیا، ڈی آر اوز اور آر اوز کی تقرری کی معطلی کے بعد کی صورتحال پر غور کیا، جلد ہی اس پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کا الیکشن کمیشن کو کسی طور ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، الیکشن کمیشن، نجی چینلز پر چلنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے، خبر میں الیکشن کمیشن ذرائع کےحوالے سےسپریم کورٹ جانے کا اشارہ کیا گیا ہے، یہ خبر بے بنیاد ہے، الیکشن کمیشن ایسی مبہم خبریں پھیلانے والوں کےخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے، انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہداف کو بروقت مکمل کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.