جمعرات 17؍ذوالحجہ 1444ھ6؍جولائی 2023ء

انتخابی اصلاحات سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیں گے، ایاز صادق

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات سردار  ایاز صادق نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر صرف یہ دیکھنا ہے کہ الیکشن قوانین میں کیا ترامیم کرنا ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جمع تجاویز کا جائزہ لیں گے۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ تمام فریقین کے ساتھ مل کر متفقہ دستاویز تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔ پارلیمانی کمیٹی جلد از جلد سفارشات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا معاملہ پلاننگ کمیشن کے پاس ہے۔ ہماری پہلی ترجیح انتخابی قوانین میں ترامیم کو حتمی شکل دینا ہوگی۔ 

سردار ایاز صادق نے کہا کہ مردم شماری کی وجہ سے تنازعات ہوئے تو وزیر منصوبہ بندی کو بلائیں گے۔ آئندہ انتخابات کس مردم شماری کے تحت ہوں گے یہ ابھی واضح نہیں۔ اس وقت تک 2017 کی مردم شماری ہی قابل عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2023 کی مردم شماری کی منظوری تک اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انتخابی اصلاحات کے باعث عام انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.