جمعرات 6؍صفر المظفر 1445ھ24؍اگست 2023ء

انتخابات کی تاریخ کیلئے صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا

عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔

صدر علوی نے الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو آج یا کل ملاقات کی دعوت دی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ عام انتخابات کا فیصلہ کرنے کیلئے آج یا کل ملاقات کریں۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، صدر آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے اسمبلی تحلیل کی تاریخ کے 90 دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں۔

واضح رہے کہ 17 اگست کو الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کیا

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن نے 4 ماہ کا وقت مختص کیا تھا۔

شیڈول کے مطابق چاروں صوبوں کی حلقہ بندی کمیٹیاں21 اگست تک قائم کر دی جائیں گی، حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامی امور31 اگست تک مکمل کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 5 ستمبر سے7 ستمبر تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کا حلقہ بندیوں کا کوٹہ مختص کیا جائے گا، 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک حلقہ بندیاں کی جائیں گی، 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز دی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن 10 نومبر سے9 دسمبر تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات پر فیصلے کرے گا، الیکشن کمیشن 14 دسمبر تک حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.