گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے اے) نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد کروائے جائیں۔
الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، اسی حوالے سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے آج مشاورت کی ہے۔
جی ڈی اے کے وفد سے ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ دیگر جماعتوں سے مشاورت اور فیڈ بیک کو مدِنظر رکھتے ہوئے آج اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں حلقہ بندیوں کے دورانیے کو مزید کم کرنے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔
مشاورت کے دوران جی ڈی اے کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کی گئی۔
گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کے لیے حلقہ بندیاں شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں، نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا جائے، انتخابی فہرستوں کی تجدید کی جائے اور انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد کروائے جائیں۔
جی ڈی اے کے وفد نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق تمام صوبائی افسران کے ٹرانسفرز کو یقینی بنایا جائے، چیف الیکشن کمشنر کے نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کو خط لکھنے کے باوجود ٹرانسفر و پوسٹنگ نہیں روکی جا رہی ہیں۔
جی ڈی اے نے الیکشن کمیشن کے سامنے مطالبہ رکھا کہ غیر جانبدار ریٹرننگ افسران کو لگایا جائے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، مختلف وفاقی سروسز کے افسروں کو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا جائے اور تمام انتظامات کو مکمل کرنے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے۔
جی ڈی اے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایکشن پلان تیار کیا ہوا ہے جس پر سختی سے عمل ہونا چاہیے، تمام بلدیاتی اداروں کو انتخابات تک معطل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیے جائیں تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، جی ڈی اے کی مختلف تجاویز انتہائی اہم ہیں، الیکشن کمیشن ان تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن جی ڈی اے کی ان تجاویز پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا اور حلقہ بندیوں کے کام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔
Comments are closed.