بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

انتخابات جیت کر نعمت اللہ خان کے سفر کو دوبادہ شروع کریں گے، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد 17سال قبل نعمت اللہ خان کی تعمیر و ترقی کے چھوڑے ہوئے سفر کو از سر نو دوبارہ شروع کریں گے۔

انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت خواتین بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  کراچی کے عوام ترازو کو ووٹ دیں اور اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں، آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمایا تو وہ وہی کریں گے جو پہلے کر چکے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی کا میئر اختیارات نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے شہر کے حالات بندلے گا اور عوام کے مسائل حل کرے گا، خواتین کے لیے با عزت اور بہتر ٹرانسپورٹ، ان کی تعلیم و تربیت سمیت کھیل کے ادارے بھی قائم کریں گے، شہر میں نئے کالجز اور اسکول بنائیں گے، فیملی اور ماڈل پارکوں کو آباد کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں تعمیر وترقی کے مثالی پروجیکٹس مکمل کیے،32نئے کالجز بنائے،ماڈل پارکس تعمیر کیے، شہر کی گلیوں اور چھوٹی سڑکوں سمیت 50اہم شاہرائیں اعلیٰ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیں لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ تھوڑی سی بارش سے ہی سڑکوں میں جگہ جگہ گھڑے پڑ گئے ہیں اور بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سڑکوں پر سفر کرنا مشکل ہو گیا ہے اور عوام کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سندھ حکومت نے 14سال میں کراچی کا 5ہزار ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ کہاں استعمال کیا کسی کو کچھ پتا نہیں؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ  اگر یہ بجٹ واقعی کراچی پر خرچ کیا جاتا تو آج کراچی کی موجودہ ابتر حالت نہ ہوتی۔ شہر میں کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا، 17سال سے پانی کے ایک گیلن کا اضافہ نہیں ہوا، 14سال میں سندھ حکومت نے شہر میں ٹرانسپورٹ کے لیے ایک بس بھی نہیں چلائی  اب چند بسیں چلا کر کراچی کے عوام پراحسان کرنا چاہتی ہے، 8سال میں ایک اورنج لائین منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا۔

کنونشن سے قائم مقام ناظمہ کراچی فرح عمران،ضلع وسطی کی ناظمہ مسرت جنید نے بھی خطاب کیا اس موقع پر امیر ضلع وسطی وجیہ حسن،نائب ناظمات کراچی،ثناء علیم، جاویداں فہیم، بھی موجود تھیں۔کنونشن میں پیما، لیگل ایڈوائزر، جیولری، کاسمیٹکس، کراکری ملبوسات سمیت خواتین کی دلچسپی کے حوالے سے مختلف اسٹالز اورقرآن انسٹیٹیوٹ،حریم ادب اور کتب کے اسٹالزبھی لگائے گئے تھے جبکہ شعبہ اطفال کی جانب سے چھوٹے بچوں کے لیے علیحدہ سے ایک خصوصی کارنر بنایا گیا تھا، کنونشن میں بیٹھک اسکول کے بچوں نے بلدیاتی فنڈ میں نقد عطیات بھی جمع کرائے۔

You might also like

Comments are closed.