صدرِ مملکت عارف علوی نے صوبۂ سندھ کے 33 ویں گورنر عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
استعفیٰ منظور ہونے پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے امپورٹڈ وزیراعظم کے لیے کام کرنے کی بجائے گورنر سندھ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، صدر نے میرا استعفیٰ خوش اسلوبی سے قبول کر لیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا جن کے ساتھ میں نے گزشتہ 43 مہینوں کے دوران مکمل تعاون کرتے ہوئے کام کیا، شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے استعفیٰ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’مجرموں‘ کے لیے کام کرنے سے انکار کرتے ہیں جو اربوں روپے کی بدعنوانی اور مالی بدانتظامی کے سنگین الزامات میں ملوث ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے اور وزیراعظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استعفیٰ دیدیا تھا، کیبنٹ ڈویژن نے گزشتہ روز استعفیٰ منظور کر کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
Comments are closed.