املی میٹھی اور کھٹی ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی لذت بخش بھی ہوتی ہے، یہ ہر باورچی خانے کا حصہ ہے، اسے مسالہ جات کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اس کے ذائقے سے ہمارے پکوان مزیدار بن جاتے ہیں۔
لذیذ ذائقے کے ساتھ ساتھ املی کے کئی قابلِ ذکر صحت کے فوائد بھی ہیں، املی میں پروٹین، فائبر کے ساتھ کاربوہائیڈریٹ اور شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، کاربوہائیڈریٹ اور شوگر کے مواد کی وجہ سے ذیابطیس کے مریضوں کے لیے املی صرف تھوڑی مقدار میں تجویز کی جاتی ہے۔
املی کا استعمال زمانۂ قدیم سے بطور غذا اور علاج کیا جا رہا ہے، اسے اکثر کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال میں لایا جاتا ہے، کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے علاوہ املی میں وٹامن سی، ای اور بی، کیلشیئم، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیئم، میگنیز اور غذائی فائبر بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔
املی کے وہ فوائد جو بہت کم لوگ جانتے ہوں گے:
شوگر اور کاربوہائیڈریٹ زیادہ ہونے کے باوجود املی میں چکنائی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے یہ وزن کم کرنے کے لیے اچھا کام کرتی ہے، املی میں موجود انزائمز سے بھوک کم لگتی ہے اور وزن میں کمی ہوتی ہے۔
املی کااستعمال نظامِ ہضم کے لیے بہت اچھا ہے، اس میں فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، لہٰذا اس کا استعمال آنتوں کو تقویت دیتا ہے جس سے نظامِ انہضام بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔
املی میں موجود فلاوونائیڈز برے کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کی سطح کو کم کرنے اور اچھے کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کی سطح کو بڑھانے میں مدد کرتے ہیں، اس طرح شریانوں میں چربی جمع ہونے کے خطرے کو روکتے ہیں، پوٹاشیئم ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے میں بھی مدد کرتا ہے۔
پیپٹک السر جو چھوٹی آنت اور پیٹ کی اندرونی استر میں بنتے ہیں انتہائی تکلیف دہ ہو سکتے ہیں اور کھانے کو صحیح طریقے سے ہضم کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتے ہیں، املی کھانے سے السر کے خطرے سے لڑنے میں مدد مل سکتی ہے اور ان کا علاج بھی ہو سکتا ہے۔
املی کا استعمال طبیعت کو فرحت بخشتا ہے، یہ متلی اور قے کی شکایت دور کر کے غذا کو ہضم کرتی ہے، متلی ہونے کی صورت میں اگر املی کا شربت استعمال کیا جائے تو فائدہ مند ہوتا ہے۔
Comments are closed.