امریکی ڈیری فارم میں دھماکے سے 18 ہزار گائیں ہلاک: ’زندہ جل جانے سے بدتر کسی چیز کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا‘
امریکی ڈیری فارم میں دھماکے سے 18 ہزار گائیں ہلاک: ’زندہ جل جانے سے بدتر کسی چیز کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا‘
- مصنف, برنڈ ڈیبزمین جونیئر
- عہدہ, بی بی سی نیوز، واشنگٹن
امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مقامی حکام کے مطابق رواں ہفتے ایک ڈیری فارم میں موجود 18 ہزار گائیں ایک دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئیں۔
ڈمٹ نامی قصبے کے قریب واقع ساؤتھ فورک ڈیری میں ہونے والے اس دھماکے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
حکام سمجھتے ہیں کہ دھماکہ فارم پر مشینری سے میتھین گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا ہو گا۔ واضح رہے کہ سنہ 2018 سے 2021 تک امریکہ میں آگ لگنے کے واقعات میں 30 لاکھ جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔
کیسٹرو کاؤنٹی کے شیرف دفتر کا کہنا ہے کہ ان کو سوموار کی شام ایک فارم پر آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ شیرف کے دفتر سے جاری ہونے والی تصاویر میں زمین سے گاڑھا کالا دھواں فضا میں بلند ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس اور ایمرجنسی حکام فارم پر پہنچے تو ان کو ایک پھنسا ہوا شخص ملا جس کو فوری مدد کی ضرورت تھی۔ اس زخمی شخص کو علاج کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
اب تک اس دھماکے سے لگنے والی آگ اور دھویں کی وجہ سے ہلاک ہونے والی گائیوں کی درست تعداد تو معلوم نہیں ہو سکی لیکن شیرف کے دفتر نے بی بی سی کو بتایا کہ اندازہ 18 ہزار جانور ہلاک ہوئے ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کے ایف ڈی اے سے بات کرتے ہوئے شیرف سال ریویریا کا کہنا تھا کہ زیادہ تر جانور اس علاقے میں آگ لگنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ’کچھ زندہ بھی بچیں اور کچھ جانور ایسے ہیں جو اتنے زخمی ہیں کہ ان کو ہلاک کرنا پڑے گا۔‘
شیرف کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ آگ ایک مشین کی وجہ سے لگی جس کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ ’یہ مشین ایک ویکیوم کی طرح کام کرتی ہے جو کھاد اندر کھینچتی ہے اور پانی باہر نکالتی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے کہا کہ ’شاید مشین گرم ہوئی اور اس کی وجہ سے میتھین خارج ہوئی جس سے آگ لگی اور پھر دھماکہ ہوا۔‘
بی بی سی کو واشنگٹن میں موجود جانوروں کی دیکھ بھال کے ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ اگر اس آگ میں ہلاک ہونے والے جانوروں کی تعداد واقعی درست ہے تو یہ سب سے نقصان دہ واقعہ ہو گا۔
واضح رہے کہ اس ادارے نے سنہ 2013 سے امریکہ میں آگ لگنے کے واقعات میں جانوروں کی ہلاکت کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا تھا۔
ادارے کے ایلی گرینجر کے مطابق ان کو امید ہے کہ انڈسٹری اس معاملے پر توجہ دے گی اور ’فارمز کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ آگ سے نمٹنے کے بہتر طریقے استعمال کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’زندہ جل جانے سے بدتر کسی چیز کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔‘
ادارے کے مطابق 2013 سے اب تک مختلف فارمز میں آگ لگنے کے واقعات میں 65 لاکھ جانور ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 60 لاکھ مرغیاں اور 7300 گائیں شامل تھیں۔
2018 سے 2021 تک 30 لاکھ جانور آگ لگنے کے واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں جن میں صرف چھ واقعات میں 10 لاکھ 76 ہزار مرغیاں شامل تھیں۔
Comments are closed.