پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی آر شرمن نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء مسٹر ڈونلڈ لو بھی امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی آر شرمن کے ہمراہ تھے۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورانِ ملاقات دو طرفہ تعلقات، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے نقطۂ نظر میں ہم آہنگی موجود ہے، توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابلِ اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان منظم ڈائیلاگ دو طرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔
اس موقع پر امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی آر شرمن نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت کو سراہا۔
Comments are closed.