پیریکم ربیع الاول 1445ھ18؍ستمبر 2023ء

امریکی صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے محکمہ ریونیو کیخلاف مقدمہ کردیا

امریکی صدر جو بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن نے محکمہ ریونیو سروس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

ہنٹر بائیڈن کا الزام ہے کہ ٹیکس اتھارٹی نے ان کے اثاثوں کو غیرقانونی طور پر ظاہر کیا ہے۔

یہ مقدمہ امریکا کی ضلعی عدالت میں درج کرایا گیا ہے جس میں محکمہ ریونیو کے دو افسران گیری شیپلی اور جوزف زیگلر کے میڈیا انٹرویوز کو موضوع بنایا گیا ہے۔

دونوں افسران نے ملک کے مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو اور عوامی بیانات دیے۔

انہوں نے کانگریس میں بطور گواہ حلف لے رکھا ہے، ان کا موقف ہے کہ ہنٹر بائیڈن کی ٹیکس جانچ پڑتال میں سیاسی مداخلت ہوئی ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے ٹیکس چوری کا اعتراف کیا ہے۔

دوسری طرف امریکی محکمہ انصاف نے کسی بھی قسم کی مداخلت کے امکان کو رد کیا ہے۔

ہنٹر بائیڈن کی طرف سے درج کروائے گئے مقدمہ کے مطابق محکمہ ریونیو کے افسران نے ان کے ٹیکس کی تفصیلات جان بوجھ کر غیر قانونی طور پر عوام کے سامنے رکھیں۔

امریکا کے ایوان نمائندگان صدر جوبائیڈن کے خلاف ایک انکوائری کررہے ہیں جس میں ہنٹر بائیڈن کے کاروباری معاملات اور جوبائیڈن کی بطور نائب صدر پالیسیز میں موازنہ کیا جا رہا ہے۔

اب تک ایوان نمائندگان یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ صدر جو بائیڈن کو اپنے بیٹے کے کاروبار سے کوئی فائدہ پہنچا، وائٹ ہاؤس نے بھی کسی بھی غلط اقدام کی تردید کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.